نئی دہلی،12/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی اسمبلی انتخابات میں فیصلہ کن برتری کے بعدعآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ دہلی کے کروڑوں لوگوں نے صاف پیغام دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال دہشت گرد نہیں بلکہ پکے محب وطن ہیں۔سنگھ نے کہا کہ دہلی کااقتدار حاصل کرنے کے لیے بی جے پی نے پوری طاقت لگا دی لیکن اس انتخابی جنگ میں ’دہلی کا بیٹا‘ جیت گیا۔قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی ایک بار پھر بڑی جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
سنگھ نے کہاکہ دہلی کے دو کروڑ خاندانوں کے لوگوں نے بتا دیا کہ ان کا بیٹا اروند کیجریوال دہشت گرد نہیں بلکہ پکا محب وطن ہے۔بڑی جیت دلانے کے لیے دہلی کے عظیم عوام کو مبارکباد۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے رہنما پرویش ورما نے انتخابی مہم کے دوران ایک ریلی میں کیجریوال کو شاہین باغ میں سی اے اے کی مخالفت میں چل رہے مظاہرے کی مبینہ طور پر حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں ’دہشت گرد‘ بتا دیا تھا۔